بھارتی جارحیت کا تاریخی اور منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی بہادر افواج کو قومی اسمبلی کے فلور سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایوان نے متفقہ قرار داد منظور کرلی۔ اسکوارڈن لیڈرعثمان یوسف سمیت تمام شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں ملکی دفاع یقینی بنانے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیر قانون نے کہا سب جماعتوں نے یک زبان ہو کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ ایوان پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ہماری بہادر افواج نے ملکی سلامتی کیلئےدشمن کو فوری جواب دیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ االلہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے پاکستانی قوم کوسرحدی سالمیت کی حفاظت میں عزت اور وقارعطا کیا۔ ایوان اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اوربہادری کوسراہتا ہے۔ پاکستانی افواج نےبھارتی جارحیت کابڑے تحمل اور ذمہ داری سےمقابلہ کیا اورمناسب جواب دیا۔
قرار داد کے متن میں کہا گیاہے کہ ایوان مادر وطن کی حفاظت کیلئےجانیں قربان کرنےوالے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ ایوان اس نازک موڑ پر پاکستان کی حمایت کرنے والے دوست ممالک کا بھی دلی شکریہ ادا کرتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور طویل المدتی استحکام صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
قرار داد کے مطابق کشمیریوں کی خواہش کےمطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئےعالمی برادری کو شامل کیا جائے۔ ایوان سندھ طاس معاہدے اورپانی کےحقوق کی حفاظت کوقومی سلامتی کا اہم جزو قراردیتا ہے۔ بھارت کےحملوں میں شہید ہونے والے اسکوارڈن لیڈرعثمان یوسف اور دیگر جوانوں کی شہادت پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ بعد میں
قومی اسمبلی کا اجلاس منگل دن گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔






















