نیپال اور عمان نے آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ ایشیا کوالیفائر کے سیمی فائنل میں نیپال نے متحدہ عرب امارات کو 8 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے بازی مارلی ہے جبکہ عمان نے بحرین کو 10 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ورلڈکپ میں جگہ بنا لی ہے ۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ اگلے سال امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا اور ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کا یہ نواں ایڈیشن تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ ہو گا جس میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے والی دونوں ٹیمیں اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔نیپال نے ٹی ٹوینتی ورلڈپ کپ کیلئے 9 سال بعد ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے ، آخری مرتبہ 2014 میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ورلڈکپ میں کوالیفائی کیا تھا۔ عمان تیسری مرتبہ ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں شرکت کرے گا جبکہ اس سے قبل ٹیم نے 2021 میں اپنی جگہ بنائی تھی۔