وزارتِ حج و عمرہ نے بیرونی ممالک کیلئے بعد از حج عمرہ پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ عمرہ ویزوں کا اجراء 14 ذوالحجہ 1447 ہجری کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں برس حج ختم ہوتے ہی بیرونی عمرہ زائرین کیلئے 14 ذوالحجہ بمطابق 11 جون 2025ء سے عمرہ ویزوں کو بحال کردیا جائے گا۔
وزارت حج کا مزید کہنا تھا کہ عمرہ ویزے رمضان المبارک کے اختتام تک جاری کرائے جاسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یکم شوال سے عمرہ ویزوں کا اجراء بند ہونے کے بعد صرف جاری شدہ ویزوں کے حامل عمرہ زائرین 15 شوال 1447ء ہجری تک مملکت آسکتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق عمرہ ویزوں پر مملکت آنیوالے زائرین کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ آئندہ برس حج سیزن سے قبل یعنی 15 ذوالقعدہ 1447ء ہجری تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔
خیال رہے امسال بھی وزارت حج نے وزارت داخلہ و دیگر وزارتوں کے تعاون سے بیرونِ ممالک کیلئے عمرہ اور وزٹ ویزوں کا اجراء رمضان المبارک کے وسط سے بند کردیا تھا۔ ویزوں کے اجراء پر عارضی پابندی کا مقصد مختلف ممالک سے آنیوالے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں غیرضروری ازدحام نہ ہواور حجاج کرام آرام و سکون سے فریضہ حج ادا کرسکیں۔





















