آزاد کشمیر کے علاقے دواراندی میں بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے 7 سالہ ارتضیٰ عباس طوری کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت تینوں سروسز چیف، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، سرکاری حکام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید ارتضیٰ عباس لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے صاحبزادے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل بھارت نے معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جو بھارتی حکومت کی انسان دشمن اور بزدلانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت نے علاقائی و عالمی امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی بھارتی جارحیت کے خلاف دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
قومی قیادت نے عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج بھارتی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔
قومی قیادت نے شہید ارتضیٰ عباس سمیت بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور ان کے ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔






















