نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسپین کے وزیر خارجہ ہوزے مانوئل الباریس سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران بھارت کی حالیہ جارحیت سے پیدا ہونے والی سنگین علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی بلااشتعال کارروائیاں پاکستان کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں جس کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے ان اقدامات سے علاقائی امن اور تزویراتی استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم نے اسپین کے وزیر خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا جن میں بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے کا عزم شامل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔
اسپین کے وزیر خارجہ ہوزے مانوئل الباریس نے شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اسپین کی حکومت موجودہ صورتحال کو انتہائی سنجیدگی سے مانیٹر کر رہی ہے اور اس بحران سے نمٹنے کے لیے بات چیت، تحمل، اور سفارت کاری پر زور دیا۔
ہسپانوی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام فریقین سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی اپیل کی۔






















