عالمی برادری نے بھارت کے پاکستان پر حملے کو مسترد کردیا۔ چین نے بھارتی حملے کو افسوسناک قرار دیا، روس، متحدہ عرب امارات اور قطر نے دونوں ملکوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیدیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دنیا پاک بھارت جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
بھارت کا جنگی جنون عالمی امن کیلئے خطرہ بن گیا۔ عالمی برادری نے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کو مسترد کردیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ دنیا پاک بھارت تصادم کی متحمل نہیں ہوسکتی، لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھارتی کارروائی پر تشویش ہے۔
چین نے بھی بھارتی جارحیت کو افسوسناک قرار دیا۔ ترجمان چینی دفتر خارجہ نے کہا پاکستان اور بھارت امن کو پہلا موقع دیں۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا، دونوں ملکوں کو سفارتکاری اور بات چیت سے تنازع کا حل نکالنے کا مشورہ دیا۔
روس اور قطر نے بھی اختلافات کو دو طرفہ بات چیت اور پُرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا۔





















