پلوامہ کے قصبے پام پور میں گرنے والے طیارے کے ملبے کو ہٹانے کیلئے انڈین ایئر فورس کی ٹیم آگئی، بلڈوزر کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پاکستان کی جانب سے تباہ کئے گئے بھارتی جہاز کے ملبے کو اٹھانے کیلئے بھارتی ایئر فورس کی ٹیم پلوامہ کے قصبے پام پور پہنچ گئی، ٹکڑوں کو جمع کیا جا رہا ہے، طیارے کے ملبے کو بلڈوزر کی مدد سے منتقل کیا جارہا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ملبے کے معائنے کیلئے انڈین ایئر فورس کی ایک ٹیم بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے۔
پام پور میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار ریاض مسرور نے بتایا کہ مقامی افراد کے مطابق انہوں نے جیٹ بمباروں کی زوردار آوازوں کے بیچ ایک بڑا دھماکا بھی سنا، جس کے بعد مختلف حصوں میں طیارے کا ملبہ گرا۔
رپورٹ کے مطابق طیارہ گرنے کے مقام کو بھارتی فورسز کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا، حکام کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی کہ یہ کون سا طیارہ تھا یا کس ملک کا تھا۔
بی بی سی کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ جگہ پلوامہ کے اس مقام سے تھوڑی ہی دوری پر ہے جہاں 2019ء میں ایک خودکش حملے میں 40 سے زیادہ انڈین فورسز اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔





















