وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر نے بھارت سے بیچ اسمگلنگ کرنے اور سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت بیجوں کی دستیابی پر اعلیٰ سطح اجلاس میں ملک میں معیاری بیچوں کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعلی بیج بیچنے والی 392 کمپنیاں بلیک لسٹ کردی گئی ہیں۔ کپاس کے لیے 50 ہزار میٹرک ٹن سے زائد بیج دستیاب ہیں۔ معیاری بیجوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر مصدقہ بیج زرعی معیشت کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارتی بیجوں کی اسمگلنگ اور سوشل میڈیا پر تشہیر پر تشویش ہے۔ نییشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے بیج کمپنیوں کی رجسٹریشن 5 سال کے لیے ہوگی۔ کسانوں کے حقوق اور زرعی شفافیت کا مکمل تحفظ کریں گے،مقامی بیجوں کی تیاری اور معیار میں بہتری ہمارا ہدف ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جعلی بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ مصدقہ بیج ہی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کی کنجی ہے۔ بھارت سے اسمگل شدہ بیجوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ھے۔سوشل میڈیا پر بھارتی بیجوں کی تشہیر پرقانونی کارروائی ہوگی۔