جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ اتحاد کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
پیر کے روز جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی حیثیت سے مؤثر کردار ادا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کے بارے میں سوال پر مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی سے ورکنگ ریلیشن شپ کیلئے تیار ہیں لیکن باضابطہ اتحاد ممکن نہیں، جے یو آئی کی جنرل کونسل نے پی ٹی آئی سے اتحاد کی اجازت نہیں دی اور ہمارے تحفظات یہ ہیں کہ پی ٹی آئی سے متعلق تحفظات ختم ہی نہیں ہو رہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کے پی حکومت کرپشن کا گڑھ بن چکی ہے اور اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔
فضل الرحمان نے جے یو آئی ارکان کو پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی اور کہا پارلیمان میں بھرپور اور مؤثرکردار ادا کریں۔