اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے صورتحال مزید خراب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جو ایک ہفتے کے اندر دونوں رہنماؤں کا دوسرا رابطہ ہے اور اس دوران جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گوتریس کی خطے کی حالیہ پیشرفت میں دلچسپی اور رابطوں کو سراہا اور کشیدگی میں کمی کے ساتھ کسی بھی تصادم سے بچنے کی ضرورت کے موقف کا خیرمقدم کیا۔
شہباز شریف نے پہلگام حملے کی آزادانہ، شفاف، غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا اور کہا کہ بھارت نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا لیکن اس کے باوجود وہ اشتعال انگیز بیان بازی جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
سیکریٹری جنرل نے وزیراعظم کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔