نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر میٹ ہینری انجری کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 سے باہر ہوگئے۔
کیویز کرکٹ بورڈ کے مطابق میٹ ہینری کو بدھ کے روز پونے میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران چوٹ لگی تھی جس سے صحتیاب ہونے میں انہیں دو سے چار ہفتے درکار ہوں گے۔
بورڈ حکام کے مطابق انجرڈ فاسٹ باؤلر کی جگہ کائل جیمیسن کو بلیک کیپس اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
Matt Henry has been ruled out of the @cricketworldcup with a torn right hamstring and has been replaced in the squad by Kyle Jamieson. An MRI scan confirmed he has a grade two lower tear which will require at least 2 to 4 weeks to recover from. #CWC23 https://t.co/HXmethEthZ
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) November 3, 2023
کیویز کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری سٹیڈ کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم ہینری کے بارے میں سوچ رہی ہے اور ہم اس کے لئے پریشان ہیں۔
گیری سٹیڈ نے کہا کہ میٹ ایک طویل عرصے سے ہمارے ون ڈے سکواڈ کا حصہ رہا ہے اور اس ٹورنامنٹ سے اس کا باہر ہونا ہمارے لئے انتہائی مایوس کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہینری پچھلے کچھ سالوں سے مسلسل آئی سی سی کے ٹاپ ٹین ون ڈے بولرز کی فہرست میں شامل ہے جو اس کی مہارت کا ثبوت ہے، وہ ٹیم کا ایک بہترین کھلاڑی ہے ، افسوس کہ ہم اس کے تجربے سے محروم رہیں گے۔
دوسری جانب کائل جیمیسن جمعرات کو بینگلور پہنچے تھے اور توقع ہے کہ وہ جمعہ کو ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں شریک ہوں گے۔
کیویز کوچ کا کہنا تھا کہ جیمیسن ضرورت پڑنے پر پاکستان کے خلاف شیڈولڈ میچ میں شرکت کے لئے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میگا ایونٹ کے پوانئٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔