پاکستان نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
دفتر خارجہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے خطے کی کشیدہ صورتحال پر سلامتی کونسل کو باضابطہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کو سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان بھارت کے جارحانہ اقدامات اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے غیر قانونی اقدام کو عالمی فورم پر اجاگر کرے گا۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان سلامتی کونسل کو بتائے گا کہ بھارتی اقدامات خطے کی سلامتی کے لیے کس طرح خطرہ بن رہے ہیں۔
یہ سفارتی اقدام پاکستان کی جانب سے عالمی برادری کے سامنے حقائق پیش کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔