امریکی ریاست آئیووا کی رہائشی اور Mississippi Spoon Gallery کی مالک کیمی پول نے دنیا کے سب سے بڑے چمچوں کے مجموعے کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ان کے پاس 38,162 ٹی اسپونز کا شاندار مجموعہ ہے جو ان کے بقول نہ صرف ایک ریکارڈ ہے بلکہ چاندی سازی کے فن کا عظیم نمونہ بھی ہے۔
کیمی پول نے بتایا کہ انہوں نے اس ریکارڈ کے لیے اپنی کلیکشن کو منظم کرنے اور کیٹلاگ بنانے میں دو درجن سے زائد رضاکاروں کی مدد سے 5 گھنٹے سے زیادہ وقت صرف کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ صرف چمچوں کا مجموعہ نہیں، بلکہ صدیوں پرانے نایاب اور تاریخی ٹی اسپونز کا خزانہ ہے جن پر باریک نقش و نگار فنون لطیفہ کی عکاسی کرتے ہیں۔
فی الحال یہ گنیز ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈیس وارن کے پاس ہے جنہوں نے 1990 میں 30,000 ٹی اسپونز جمع کرکے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
کیمی پول کا دعویٰ ہے کہ ان کا مجموعہ نہ صرف تعداد میں ڈیس وارن سے آگے ہے بلکہ اس میں شامل چمچوں کی تنوع اور تاریخی اہمیت بھی منفرد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کلیکشن صرف ٹی اسپونز پر مشتمل ہے جن میں کئی نایاب اور قدیم اقسام شامل ہیں۔
ڈیوین پورٹ میں واقع Mississippi Spoon Gallery کا مقصد لوگوں کو چمچوں کی خوبصورتی اور سلور اسمتھنگ (چاندی سازی) کے فن سے متعارف کروانا ہے۔
کیمی پول کے مطابق لوگ عام طور پر چمچوں کو محض ایک برتن سمجھتے ہیں لیکن ان پر بنے نفیس ڈیزائن اور نقش و نگار آرٹ کے شاہکار ہیں۔ میرا مقصد اس ریکارڈ کے ذریعے دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ چمچ بھی فن کا ایک حصہ ہو سکتے ہیں۔
کیمی پول پرامید ہیں کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ حکام جلد ہی ان کے مجموعے کی تصدیق کریں گے اور وہ باضابطہ طور پر دنیا کے سب سے بڑے ٹی اسپونز کے مجموعے کی مالک قرار پائیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی فتح ہوگی بلکہ چاندی سازی کے فن کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک موقع بھی فراہم کرے گی۔