نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی سے اہم ترین ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکااشرف کو فون کر کے اہم ہدایات دیدیں۔
انوار الحق کاکڑ نے شاہد آفریدی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔نگران وزیراعظم نے شاہد آفریدی کو ملاقات میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کرکٹ کو بہت خوشیاں دی ہیں، چاہتے ہیں کہ آپ گراس روٹ لیول سے پاکستان کرکٹ کو بہتر بنائیں، آپ ہمارے لیجنڈ ہیں ہم چاہتے ہیں کہ آپ عملی طور پر میدان میں اتریں اور کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کریں۔
انوار الحق کاکڑ نے شاہد آفریدی سے ملاقات کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے بھی رابطہ کیا اور کرکٹ میں بہتری کیلئے سینئر کھلاڑیوں سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی ۔
یاد رہے کہ چند دن قبل انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں اپنے مبینہ اختلافات کے باعث چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا ، دنیا کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے دوران اعلیٰ عہدیدار کا اس طرح اچانک مستعفیٰ ہو جانا ایک بڑ ا سوالیہ نشان ہے جس کا ابھی تک کوئی واضح جواب سامنے نہیں آسکا ہے۔
دوسری جانب ابھی تک قومی ٹیم اور انڈر 19 ٹیم کے چیف سلیکٹر کیلئے کسی امیدوار کا واضح نام سامنے نہیں آ سکا ہے ۔