بھارت کی جانب سے جنگی دھمکیوں کے باوجود قصور کے سرحدی علاقے بھیڈیاں کلاں کے باسیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ شہریوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت سے گھبرانے والے نہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں،اور عوام کا اعتماد اپنی فوج پر غیر متزلزل ہے۔
شہریوں نے واضح کیا کہ ہم بھارت کی کسی بھی دھمکی سے ڈرنے والے نہیں، ہمارا ایمان، اتحاد اور قربانی کا جذبہ ہمیں مضبوط بناتا ہےسرحدی علاقوں کے مکینوں نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ اگر کسی نے وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دی جائیں گی۔
قصور کے شہری ملک محمد اویس کا کہنا تھاکہ یہ حوصلہ اور عزم اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم، خصوصاً سرحدی علاقے کے باسی، اپنی فوج پر بھروسہ کرتے ہیں اور ہر جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔