ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل رواں سال مقرر ہونے کا امکان نہیں۔
رجسٹرار آفس نے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس کی ہدایت پر اپیلیں مقرر کرنے سے متعلق پالیسی رپورٹ جمع کرا دی۔
رپورٹ کے مطابق دائر ہونے کے بعد اپیلیں اپنی اپنی باری پر سماعت کیلئے مقرر ہوتی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی اپیل ابھی موشن اسٹیج پر ہے، اس اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہوں گی اس کے بعد اپنے نمبر پر لگے گی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سزائے موت کے خلاف 2017 کی اپیل سماعت کیلئے مقرر ہے، مجموعی طور پر سزا کے خلاف 279 اپیلیں زیر التوا ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزائے موت کی 63،عمر قید کی 73 اپیلیں زیر التوا ہیں، 7 سال سے زائد سزا کی 88، 7 سال قید کی 55 اپیلیں زیر التوا ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں اپیلیں مقرر کرنے سے متعلق ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل سے پالیسی طلب کی تھی۔
حکم نامے کے مطابق ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اپیلیوں پر جلد سماعت کی درخواست دائر ہوئی، کیس فکس کرنے کی پالیسی سے متعلق ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل رپورٹ جمع کروائے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے جلد سماعت کی درخواست دائر کر رکھی ہے تاہم اب تک اپیلیں سماعت کے لیے مقرر نہیں کی گئیں۔





















