امریکا نے مودی سرکار کو واضح پیغام دے دیا کہ کشیدگی کم کرے اور خطے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف کے بعد بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔
امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے اعلامیے کے مطابق مارکو روبیو نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
امریکی وزیرخارجہ نے بھارت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون کے لیے امریکا کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن برقرار رکھنے کے لیے بھارت پر زور دیا۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا جس میں وزیراعظم نے امریکا پر بھارت پر دباؤ ڈالنے پر زور دیا تا کہ وہ اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا انتخاب کیا جو پاکستان کے 240 ملین لوگوں کے لیے لائف لائن ہے۔ انہوں نے مارکو روبیو کو پہلگام واقعہ کے بعد خطے میں حالیہ پیشرفت پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے دہشتگردی کی تمام شکلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90,000 سے زائد جانوں کی قربانی دی اور اس کو 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔