مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف حالیہ اقدامات اور بیانات کو جہاں حکومتی سطح پر سنجیدگی سے دیکھا جارہا ہے، وہیں پاکستانی عوام نے ان اقدامات کو بالکل سنجیدہ نہ لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر طنزیہ اور مزاحیہ میمز کی بھرمار کردی۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں چند روز قبل غیر معروف مسلح گروپ نے 25 سے زائد بھارتی سیاحوں کو قتل کردیا تھا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے، بھارت نے تحقیقات اور شواہد کے بغیر ہی الزام پاکستان پر تھونپ دیا اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے بھارت میں موجود پاکستانیوں کو واپس جانے کی ہدایت کردی۔
پاکستان نے بھی جوابی اقدام اٹھاتے ہوئے شملہ سمیت دیگر معاہدوں کو معطل کرتے ہوئے پاکستان میں موجود بھارتیوں کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں واپس جانے کی ہدایت کی تاہم اس کا اطلاق سکھ یاتریوں پر نہیں ہوگا۔
ایسی صورتحال میں پاک
View this post on Instagram
بھارت کشیدگی کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں لیکن پاکستانی عوام اس ساری صورتحال کو ایک مختلف زاویے سے دیکھ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسا کہ ایکس، انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب ریلز پر بھارت کے جھوٹے دعوؤں اور اقدامات کو لے کر میمز، طنزیہ ویڈیوز اور دلچسپ تبصروں کا سیلاب آگیا۔
فیس بک پر ایک صارف نے لکھا کہ اتنی گرمی میں لوگ ولیمہ نہیں رکھتے، بھارت نے جنگ رکھ لی ہے۔
دوسرے صارف نے کہا کہ جو 50 ایکڑ زمین میرے دادا جی بھارت میں چھوڑ آئے تھے اب اسے واپس لینے کا وقت آگیا۔
View this post on Instagram
ایک اور صارف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہماری شادی کی عمر قریب آنے لگی تو جنگ کا چکر چل گیا۔
اس ہی صارف نے دوسری میمز شیئر کی کہ بھارت پانی کھول دو مجھے فریج میں پانی کی بوتلیں بھر کر رکھنی ہیں۔
ایک صارف نے بھارت جو کرکٹ کھیلنے پاکستان نہیں آتا اور میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلتا ہے پر طنز کرتے ہوئے سوال کیا کہ جنگ بھی ہائبرڈ ماڈل پر دبئی میں ہوگی یا بھارت اس بار پاکستان آرہا ہے؟۔
دوسرے صارف نے بھارت کو پیغام دیا کہ جنگ کرنی ہو تو 9 بجے سے پہلے کرلینا، سوا 9 بجے گیس چلی جاتی ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ اب تو میڈم نور جہاں بھی نہیں ہیں، آئمہ بیگ کے ترانے سننے پڑیں گے۔
ایک صارف نے پانی کی بندش کا مذاق بناتے ہوئے کہا کہ دوستوں میں نے تو موٹر چلا کر پانی کی ٹنکی فل کرلی ہے، آپ لوگ بھی کرلو، پرسوں سے آنٹی پانی بند کردے گی۔
ایک صارف نے لکھا کہ لگتا ہے صبح اکشے کمار، وکی کوشل اور سدھارتھ ملہوترا آنے والے ہیں۔
ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ سونم باجوہ مارننگ شو کی میزبانی کریں گی، ندا یاسر مارننگ شو میں سلمان خان کی شادی ہوگی۔