مودی کے جنگی جنون اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا خمیازہ بھارتی ایئر لائنز کو بھارتی نقصانات کی صورت میں بھگتنا پڑ رہاہے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر تقریبا ساڑھے چار کروڑ بھارتی روپے ہو سکتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا جواب پاکستان کی جانب سے زبردست انداز میں دیا گیا جس میں فضائی حدود بھی بھارتی طیاروں پر بندکرنا شامل ہے ۔ پاکستان نے ابتدائی طور پر ایک مہینے کا نوٹم جاری کر دیاہے جس کے تحت بھارت کا کوئی بھی جہاز پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکے گاتاہم غیر ملکی پروازیں فضائی حدوداستعمال کر سکیں گی ۔
تقریباً 70 سے 80 دو طرفہ پروازیں روزانہ بھارت سے پاکستانی فضائی حدود سے گزرتی ہیں، اور بعض اوقات یہ تعداد روزانہ 100 سے تجاوز کر جاتی ہے۔ یہ پروازیں بنیادی طور پر بھارت اور یورپ، شمالی امریکہ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے درمیان آپریٹ ہوتی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ پروازیں بھارت کے بڑے شہروں جیسے ممبئی، احمد آباد، لکھنؤ، دہلی اور گوا سے روانہ ہونے والی ہیں۔
ایئر انڈیا (AI)، انڈیگو (6E)، اور اسپائس جیٹ (SG) جیسی بڑی ایئرلائنز کو یورپ، شمالی امریکہ، برطانیہ اور مشرق وسطیٰ کی پروازوں کے لیے راستے تبدیل کرنا پڑ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پرواز کے دورانیے میں اضافہ، ایندھن کے زیادہ استعمال اور ممکنہ کرایوں میں اضافے ہو گا ۔
پاکستان کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی متعدد بھارتی پروازوں کو مہنگے اور غیر متوقع راستوں پر موڑنا پڑا۔ ایئر انڈیا کی ٹورنٹو سے دہلی جانے والی پرواز کو ری فیولنگ کے لیے کوپن ہیگن میں لینڈ کرنا پڑا، جبکہ پیرس اور لندن سے آنے والی پروازوں نے ابوظہبی میں لینڈنگ کی ۔شارجہ سے امرتسر جانے والی پرواز کو پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی موڑ دیا گیا، جبکہ دیگر طیاروں کو اضافی ایندھن کے لیے احمد آباد میں اتارا گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان نے بھارت کے اقدامات کے ردعمل میں اپنی فضائی حدود بند کی ہوں۔ اس سے پہلے 1999 کی کارگل جنگ اور 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد بھی ایسی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ ان دونوں مواقع پر بھارت کو پاکستان کی نسبت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا تھا۔2019 میں پاکستان نے نہ صرف بھارت جانے والی بھارتی پروازوں بلکہ ان تمام غیر ملکی پروازوں پر بھی پابندی عائد کی تھی جو بھارت کی طرف جاتی تھیں۔
جب پاکستان نے 2019 میں بالا کوٹ فضائی حملوں کے بعد 5 ماہ کیلئے اپنی فضائی حدود بند کی تھیں، تو بھارتی ایئر لائنز کو تقریباً 700 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا یعنی روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 4 کروڑ کے لگ بھگ نقصان اٹھانا پڑا تھا ۔