کراچی ہو یا ملک کا کوئی دوسرا شہر، ہر جگہ ہی شہری موٹاپے کا شکار ہورہے ہیں، توند کا بڑھنا پیٹ کے گرد اضافی چربی جمع ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ صرف ظاہری مسئلہ نہیں بلکہ صحت کیلئے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق 5 فٹ 6 انچ سے 5 فٹ 10 انچ تک کے مردوں کی کمر 34 انچ یا اس سے کم ہونی چاہئے، 40 انچ یا اس سے زائد کمر کا حجم انتہائی خطرناک ہے، آپ کو دل، سانس، شوگر، ہڈیوں یا پھر دیگر کئی بیماریاں ہوسکتی ہیں، آپ کی عمر تیزی سے کم ہوسکتی ہے۔
کراچی میں موٹاپا تیزی سے پھیل رہا ہے، ہر تیسرا شادی شدہ مرد بڑھا ہوا پیٹ لیے پھر رہا ہے، عمر جیسے ہی 30 سال سے بڑھتی ہے توند نکلنا یا وزن بڑھنا شروع ہوجاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ورزش یا جسمانی مشقت نہ کرنے کی وجہ سے شہریوں میں موٹاپا تیزی سے پھیل رہا ہے، کچھ لوگ ایک وقت کھانا بند کردیتے ہیں لیکن اس سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔
بازاروں میں یوں تو توند کم کرنے کے بہت سے نسخے ہیں لیکن سب سے اہم یہ ہے کہ اگر آپ اپنی بڑھی ہوئی توند کم کرنا چاہتے ہیں تو پیٹ بھر کر نہیں آدھا پیٹ کھانا کھائیں۔