استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے جنرل سیکرٹری اور ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
ملتان میں سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی پی پی کے جنرل سیکرٹری اور ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ ان کی جماعت ملک کی سیاست میں موجود خلا کو پر کرے گی اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ آئی پی پی کا منشور صرف ملکی خوشحالی، معاشی استحکام اور عوام کی فلاح پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی مزدوروں، تاجروں اور ہنرمندوں کی آواز کو ایوانوں تک پہنچاتی ہے اور پنجاب کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 11 مئی کو لیہ میں ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوگا جہاں عوام کا جم غفیر موجود ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی حقیقی نمائندہ جماعت کو موقع ملنا چاہیے تاکہ وہ قوم کی خدمت کر سکے۔
معاشی حالات پر بات کرتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا کہ مہنگائی کی شرح اگر کم نہیں ہوئی تو بڑھی بھی نہیں اور حالات بتدریج بہتری کی جانب جا رہے ہیں، ماضی میں ملک کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا، اسے درست کرنے میں کچھ وقت لگے گا لیکن پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتی شعبے کو فروغ ملے گا جس سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس سے مجموعی طور پر معیشت مضبوط ہوگی۔
شعیب صدیقی نے بتایا کہ جون میں حکومت اپنا دوسرا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے جس میں انکم ٹیکس اور ٹیکس ریفارمز کے ذریعے تنخواہ دار طبقے کو واضح ریلیف دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے ملک میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔
شعیب صدیقی نے استحکام پاکستان پارٹی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔