پاکستان نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا جواب دیتے ہوئے بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم جاری کر دیاہے جس سے پی ایس ایل براڈ کاسٹرز مشکل میں آ گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل براڈ کاسٹرز نے پاکستان سپرلیگ کی مینجمنٹ کو مسائل سے آ گاہ کر دیاہے ، پی ایس ایل براڈ کاسٹنگ ٹیم میں دو درجن سے زائد بھارتی شہری کام کر رہے ہیں جن میں انجینئرز، پلیئرز ٹریکنگ ایکسپرٹ اور پروڈکشن مینجرز شامل ہیں ۔ فی الحال براڈکاسٹرز عملے کے تمام ارکان کو کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روک دیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت میں سیاحوں کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بھارت کے بلاجواز اقدامات مسترد کردیئے۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ معطل کردیا، سکھ یاتریوں کے علاوہ باقی بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا، بحری، بری اور فضائی اتاشیوں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پانی پاکستان کا ایک اہم قومی مفاد ہے، پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو جنگ سمجھا جائے گا۔