ملک سے پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک اورپی بی ایس کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو88.47 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 17.09 فیصد ذیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو75.56ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا، ستمبرمیں پھلوں کی برآمدات کاحجم 22.21 ملین ڈالررہا، جواگست میں 28.47 ملین ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 18.71 ملین ڈالرتھا،مالی سال 2023 میںپھلوں کی برآمدات سے ملک کو232.30 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو57.63 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.03 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو45.76 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ستمبرمیں سبزیوں کی برآمدات کاحجم 20.55ملین ڈالرریکارڈ کیاگیا جو اگست میں 19.95 ملین ڈالر اور گزشتہ سال ستمبرمیں 13.49 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں سبزیوں کی برآمدات کا حجم 172.34 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔