انٹرنیشنل فوڈ چین فوڈ پاپا نے پاکستان میں اپنی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، کراچی کے نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے لیے علی شیخانی اور جے ڈی سی کے تعاون سے نیو فوڈ ڈیلیوری سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں اب روزگار کی کمی نہیں رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں کراچی کے 50 ہزار افراد کو نوکری دی جائے گی، جبکہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں مجموعی طور پر 5 لاکھ نوکریاں فراہم کی جائیں گی، رائیڈرز کیلئے اسپتال اور ان کے بچوں کیلئے اسکول کی سہولت بھی دی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوڈ پاپا پر کام کرنیوالے رائیڈرز ہوں یا کسی بھی عہدے پر موجود ورکرز، سبھی اور ان کی فیملیز کو انشورنس کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
حکام کے مطابق فوڈ پاپا کو جلد ہی یو اے ای، یو ایس اے، عمان، آسٹریلیا اور یو کے میں بھی لانچ کیا جائے گا جبکہ اس کے شیئرز بھی جلد مارکیٹ میں عوام کیلئے دستیاب ہوں گے، 80 فیصد ریسٹورنٹس نے فوڈ پاپا کے ساتھ مل کر عوام کو خدمات فراہم کرنے کیلئے معاہدہ بھی کرلیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان نوکری کیلئے آج ہی فوڈ پاپا ڈاٹ کام پر خود کو نوکری کیلئت رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔ فوڈ پاپا کو وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کا تعاون بھی حاصل ہے جبکہ جے ڈی سی، فوڈ پاپا کے 2 فیصد شیئرز کی مالک ہے، نوجوانوں اور ہوم شیفس کو اس فوڈ چین پروگرام کے ذریعے بیرونِ ملک نوکری کے بھی مواقع میسر آئیں گے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر ایک ڈاکیومینٹری کے ذریعے شیخانی گروپ کے دنیا بھر میں چلنے والے کاروبار کو بھی دکھایا گیا جبکہ معروف اداکارہ سعدیہ امام نے پروگرام میں میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔