وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ کاروبار پر حملے غیراسلامی ہیں، غیرملکی فوڈ چین پر حملے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، بیس جگہ حملے ہوئے، شیخوپورہ میں ایک شخص جان سے گیا، اسلام آباد سے 15 اور پنجاب سے 142 ملزمان گرفتار ہوئے۔
حکومت نے واضح اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی فوڈ چین پر حملے کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ کاروبار پر حملے غیر اسلامی ہیں، ملک بھر میں 20 مقامات پر غیر ملکی فوڈ چین پر حملے ہوئے، شیخوپورہ میں ایک شخص جان سے بھی گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے 15 جبکہ پنجاب سے 142 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد ملزمان اپنے کئے پر شرمندہ اور معافی کے طلبگار ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سرمایہ کار ہمارے سر کا تاج ہیں، ہر صورت ان کی حفاظت کریں گے، سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے سے متعلق تجاویز آچکی ہیں، وفاق نے جب مناسب سمجھا تب صوبائی حکومت کو آن بورڈ لے گی، خارجہ پالیسی وفاق کا کام ہے جو وفاقی حکومت کو ہی کرنا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے صوبائی حکومت کو افغانستان سے تعلقات بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی تاہم پی ٹی آئی دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہے۔