پاراچنار کے نواحی علاقے شلوزان میں شادی کا کھانا کھانے سے 310 افراد بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال پہنچادئیے گئے۔
خیبرپختونخواہ کےضلع کرم کے شہرپاراچنار کے نواحی علاقے شلوزان میں شادی کی خوشی خوف میں بدل گئی، شادی کا کھانا کھانے سے 310 افرادکی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔متاثرہ افراد میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے مطابق شادی کے کھانے کے بعد متاثرہ افراد کو قے اور دست کی شکایت ہوئی، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ فوڈ پوائزننگ کا واقعہ ہو سکتا ہ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار میں صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پاراچنار عمران خالد کا کہنا ہے کہ متاثرین کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور کئی بچوں کو علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج بھی کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔