گرم موسم کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے، پانی کی آمد بڑھنے کے باعث ڈیم تیزی سے بھرنے لگے، قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا، ایک ماہ کے دوران ملک کے آبی ذخائر میں 9 لاکھ 57 ہزار ایکڑ فٹ پانی کا اضافہ ہوا۔ 17 مارچ کو ملک میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ صرف 93 ہزار ایکڑ فٹ تھا۔
گرم موسم کے مثبت اثرات نظر آنے لگے، ڈیم تیزی سے بھر رہے ہیں، قابل استعمال پانی کا ذخیرہ بڑھ گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران ملک کے آبی ذخائر میں 9 لاکھ 57 ہزار ایکڑ فٹ پانی کا اضافہ ہوا، 17 مارچ کو ملک میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ صرف 93 ہزار ایکڑ فٹ تھا جو 17 اپریل کو بڑھ کر 10 لاکھ 50 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا۔
واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کے قابل استعمال ذخیرے میں 2 لاکھ 68 ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا، 17 مارچ کو تربیلا ڈیم میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ 9 ہزار ایکڑ فٹ تھا جو اس وقت 2 لاکھ 77 ہزار ایکڑ فٹ ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 16 فٹ بلند ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ ایک ماہ میں 4 لاکھ 66 ہزار ایکڑ فٹ اضافے کے بعد 72 ہزار ایکڑ فٹ سے بڑھ کر 5 لاکھ 38 ہزار ایکڑ فٹ ہوگیا۔
واپڈا حکام کے مطابق چشمہ بیراج میں قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں 2 لاکھ 23 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ ہوا۔