ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ فلسطین کے متعلق انسانی حقوق کونسل کی قرارداد پر سوشل میڈیا پوسٹس غلط میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔ یہ پوسٹس قرارداد کو اپنانے کے عمل پر غلط فہمی کی عکاسی کرتی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی فلسطین کےمتعلق انسانی حقوق کونسل کی قراردادپرسوشل میڈیاپوسٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیر بحث قرارداد جنیوا میں او آئی سی گروپ کا ایک سالانہ مشترکہ اقدام ہے یہ گروپ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی اقدامات اور جوابدہی پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان نے قرارداد کو اوآئی سی کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے پیش کیا۔ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پاکستان صرف اس قرارداد کو پیش کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی وفد متن پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے اور اوآئی سی گروپ حتمی توثیق کرتا ہے انسانی حقوق کونسل میں مقبوضہ علاقوں کی قراردادوں کی رہنمائی فلسطین کی ترجیحات سے ہوتی ہے کسی بھی مرحلے پر پاکستان یکطرفہ طور پر متن میں ترمیم نہیں کرتا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اصولی طور پر اس کے ساتھ کثیرالجہتی فورمز میں شامل نہیں ہوتا۔ اسرائیلی ترجیحات کو شامل کرنے کی کوئی بھی تجویز بے بنیاد ہے۔