پھولوں کے شہر پشاور میں اسٹیشن ہیڈ کوارٹر اور کنٹونمنٹ بورڈ کے زیر اہتمام سولویں سالانہ جشن گلاب و بہار کا اہتمام کیا گیا۔
پشاور کینٹ میں موسم بہار کی آمد پر سالانہ جشن گلاب و بہار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں شہریوں، فیملیز اور سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں 60 سے زائد اقسام کے 200 رنگوں پر مشتمل پھولوں کو سجایا گیا۔ مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل احمد عمر بخاری نے نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر امید سپیشل سکول پشاور کے خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں نے منفرد انداز میں ٹیبلوز پیش کئے۔ تقریب میں خٹک ڈانس اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (نارتھ) کے بینڈ نے رقص اور دھنوں کے ذریعے شرکاء کو محظوظ کیا۔
مہمان خصوصی نے نمائش میں حصہ لینے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ نمائش کا مقصد معاشرے میں پھولوں اور امن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ نمائش میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن پسند ہیں۔