پاک فوج کی زیرِ نگرانی آٹھویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشق 2025 کا پبی میں آغاز ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ نے کیا، جو کہ 60 گھنٹے طویل مسلسل پیٹرولنگ مشق پر مشتمل ہے۔ مشق میں 20 دوست ممالک کی ٹیمیں اور متعدد فوجی مبصرین شریک ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد موجودہ پیچیدہ عالمی سیکیورٹی ماحول میں فوجی تعاون، ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینا ہے۔
شرکت کرنے والے ممالک میں بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکا اور ازبکستان شامل ہیں، جبکہ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، انڈونیشیا، کینیا، میانمار، جنوبی افریقہ اور تھائی لینڈ بطور فوجی مبصر شریک ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشق ہر سال باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے، جس میں جسمانی فٹنس ، ذہنی چُستی اور پیشہ وارانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ۔
یہ مشق فوجی استعداد کار کو مزید نکھارتی ہے اور بین الاقوامی سطح پر باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کا اہم ذریعہ بنتی ہے۔