وفاقی حکومت نے رواں سال گندم کی خریداری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد کے باعث فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے قومی اسمبلی میں تحریری رپورٹ جمع کرا دی جس میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر عملداری کے باعث وفاقی حکومت رواں سال گندم نہیں خریدے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2025ء میں ہونیوالی پیداوار سال 26-2025 میں گندم کی ملکی ضروریات پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھ کر گندم درآمد یا برآمد کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، وزیراعظم نے گندم پالیسی کی تشکیل کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے ضروری اجناس بھی تشکیل دے دی گئی ہے، کابینہ کمیٹی برائے ضروری اجناس کے نائب وزیراعظم کی زیرِ صدارت اب تک دو اجلاس ہوچکے۔