جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پرواہ کیے بغیر اسرائیل کیخلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔
کراچی میں اسرائیل مردہ باد ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کے اجتماع سے ہم نے اہل غزہ کو پیغام دیا ہے آپ تنہا نہیں، پاکستانی اہلیان فلسطین کے شانہ بشانہ ہیں جبکہ کراچی میں عوام جمع ہو کر حکمرانوں کو بیدار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمران اپنے مفادات کے غلام بن چکے ہیں، اسلامی دنیا کے حکمران امریکا کے کٹھ پتلی بن چکے ہیں، متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف سیلاب بن کر سامنے آنا پڑے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے مقدس سرزمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، کسی بھی ملک میں جبری طور پر کسی کو آباد نہیں کیا جا سکتا، ہزاروں بچوں اور خواتین کی شہادت حکمرانوں کو نہیں جگا سکی، حکمرانوں کی پرواہ کیے بغیر اسرائیل کیخلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل عربوں کی پیٹھ میں ایک خنجر ہے جو گھونپا گیا، عالمی قوتیں اسرائیل کو ایک ایسے عمل میں تائید دے رہی ہیں جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، ایک صدی پہلے تک کرہ عرض پر اسرائیل کا وجود نہیں تھا، پروپیگنڈا کیا جاتا ہے فلسطینیوں نے اپنی زمین یہودیوں کو فروخت کی، 1917 میں صرف 2 فیصد علاقے پر یہودی آباد تھے، پھر کیسے کہا جاتا ہے کہ فلسطینیوں نے اپنی زمین فروخت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 1948 میں صرف 6 فیصد حصے پر یہودی فلسطین میں رہتے تھے، برطانیہ کی عادت رہی ہے تنازع چھوڑ کر جاتا ہے اور کشمیر بھی اس بات کی مثال ہے۔