پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل کے واقعے پر مقتولین کی شناخت کیلئے قونصلر رسائی کی درخواست کردی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل کے واقعے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے مقتولین کی شناخت کے لیے فوری قونصلر رسائی کی درخواست کی ہے اور پاکستانی قیادت و عوام اس المناک واقعے سے شدید صدمے میں ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ تہران میں پاکستانی سفارت خانہ اور زاہدان میں قونصل خانہ ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ واقعے کی جامع تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور مقتولین کی میتوں کی جلد واپسی ممکن ہو۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے اس غیر انسانی اور بزدلانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے اور ایران سے مکمل تعاون کی توقع رکھتا ہے تاکہ تحقیقات مکمل ہو اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقتولین کی میتوں کی بروقت واپسی کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔