سروسز اسپتال میں ایک شرمناک واقعے میں پولیس اہلکاروں نے طبی عملے پر تشدد کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایک مریض کی ڈاکٹرز سے تلخ کلامی کے بعد اس نے اپنے سب انسپکٹر بھائی کو بلا لیا جس کے بعد سب انسپکٹر اپنے پروٹوکول کے ساتھ او پی ڈی میں داخل ہوا اور ڈاکٹرز پر حملہ کیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سب انسپکٹر تین پولیس اہلکاروں اور تین سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کے ہمراہ او پی ڈی میں داخل ہوا اور انہوں نے ڈاکٹرز کو کمرے سے نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس حملے میں سینئر رجسٹرار سمیت دو ڈاکٹرز زخمی ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب تشدد کرنے والے ٹرینی سب انسپکٹر دانیال یونس کو معطل کر کے اس کے خلاف تھانہ جوہر ٹاؤن میں رپٹ درج کرلی گئی ہے۔
رپٹ کے متن کے مطابق ٹرینی سب انسپکٹر دانیال یونس کی ڈیوٹی رائیونڈ اجتماع پر تھی اور وہ ڈیوٹی چھوڑ کر سروسز اسپتال پہنچا جہاں اس نے تلخ کلامی اور بدتمیزی کی۔