لاہور کے علاقے کینٹ میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب افغان باشندے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی میاں قدیر کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت علی حسن کے نام سے ہوئی ہےجو چند روز قبل باغبانپورہ کے علاقے میں اپنے مسلح ساتھی کے ہمراہ واردات میں ملوث تھا۔ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کیا گیا جس کے بعد اس کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران ملزم اور اس کے مسلح ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی، جس پر جوابی کارروائی میں علی حسن زخمی ہو گیا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
ڈی ایس پی میاں قدیر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور اس کی نشاندہی پر مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔ پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان بھی جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علی حسن کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی، راہزنی اور مزاحمت کے متعدد مقدمات درج ہیں، اور یہ گرفتاری شہر میں بڑھتے جرائم پر قابو پانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔