وزارت توانائی کی ہدایات پرلیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو کے پانچوں اضلاع لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ اور اوکاڑہ میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث 224 افراد کو پکڑ لیا گیا جن میں سے 222 کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دائر کردی گئی ہیں ،128ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 21 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل9، زرعی 7 ،انڈسٹریل 1اور207 ڈومیسٹک تھے۔ پکڑے گئے تمام کنکشنز کو منقطع کرکے ان کو دو لاکھ 91 ہزار 301 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کڑور 20 لاکھ 51 ہزار روپے ہے ۔
ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ کھڈیاں کے علاقے میں ملزم کو9888 یونٹس (252421) روپے، ہربنس پورہ کے علاقے میں ملزم کو5245 یونٹس(2لاکھ )روپے، نتھوکی میں بجلی چورکو 10120 یونٹس( 2 لاکھ )روپے اور مناواں میں کنکشن کو3452 یونٹس (ایک لاکھ 50 ہزار)روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق لیسکو ریجن میں 53 روز ہ آپریشن کے دوران کل 22244 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 22016 کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے21210 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک 4 کروڑ 35 لاکھ 33 ہزار سے زائد یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک ارب 88 کروڑ 48 لاکھ 45 ہزار روپے ہے۔