ڈومینیکن ریپبلک میں نائٹ کلب کی چھت گرگئی۔ مرنے والوں کی تعداد 98 ہوگئی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جمہوریہ ڈومینیکن کے دارالحکومت سانتو ڈومنگو میں ایک نائٹ کلب کی چھت گرنے کے باعث کم از کم 98 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ منگل کی علی الصبح معروف گلوکار ربی پیریز کے کنسرٹ کے دوران نائٹ کلب میں پیش آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں مونٹی کرسٹی صوبے کی گورنر نیلسی کروز اور سابق میجر لیگ بیس بال کھلاڑی اوکٹاویو ڈوٹیل بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت کلب کے اندر سیکڑوں افراد موجود تھے،حادثے کے بعد کئی افراد ملبے تلے دب گئے جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب جمہوریہ ڈومینیکن کے صدر نے اس افسوسناک واقعے پر متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔