وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ معدنی وسائل کو بروئے کارلاکر پاکستان قرض سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔ معدنی وسائل کے استعمال سے پاکستان آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ سکتا۔
حکومت اور ایس آئی ایف سی کی مشترکہ کاوش سے سلام آباد میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغاز ہوگیا۔ فورم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتاہوں، تمام مندوبین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ فورم سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور فورم شعبہ معدنیات میں اضافے کا باعث بنے گا۔
شہبازشریف نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو لامحدود وسائل سے نوازا ہے، پاکستان میں معدنی ذخائرکی مالیت کھربوں ڈالرز بنتی ہے، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں معدنیات کے وسیع پہاڑ موجود ہیں، آزاد کشمیر، سندھ اور پنجاب میں بھی معدنیات کے ذخائر ہیں، ریکوڈک منصوبے پر پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ معدنی وسائل استعمال کرتے ہوئے بلوچستان میں نوجوانوں کوروزگارمل سکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں، پنجاب، سندھ اوردیگرمتعدد علاقوں میں بہترین زمینیں موجود ہیں، ان زمینوں میں قدرت نے معدنی وسائل چھپا رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے سے ڈالر کے ذخائرمحفوظ رکھنے میں مددملتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کوئلے سے بجلی پیدا کرکے شاندار کام کررہےہیں، معدنیات کا خام مال اشیا میں تبدیل کرکے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں، پاکستانی کے معدنیاتی علاقوں کو ڈویلپمنٹ کا حب بنایا جاسکتا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ آرمی چیف کی مدد سے پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑاکریں گے، پاکستان کو جلد دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنائیں گے، شعبہ معدنیات میں بی ٹوبی اور جی ٹوجی سطح پرفائدہ حاصل کیا جاسکتاہے، جی ٹوجی سےنوجوانوں کو جدیدٹیکنالوجی سےتربیت دی جاسکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک، چین، یورپ اور امریکا کے سرمایہ کاروں کوخوش آمدید کہیں گے، غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہرسہولت دینے کا یقین دلاتے ہیں، دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری پرخوش آمدید کہیں گے۔