ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے متعلقہ اداروں کو گائیڈلائنز جاری کردیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رواں ماہ پنجاب میں درجہ حرارت میں4 سے7 ڈگری تک اضافے کا خدشہ ہے، پنجاب کے بڑے شہر، میدانی علاقے اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے اضلاع گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کوہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےالرٹ رہنے اور عوامی مقامات پرہیٹ ویو سے بچاؤ کی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
اعلامیے کے مطابق پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کوہیٹ ویو کے خطرات سے عوام کو آگاہ کریں، کسانوں کو ہیٹ ویو کے فصلوں پر اثرات سے متعلق آگاہی دی جائے۔ بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر بینرز کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پرپابندی کی ہدایت کردی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ دھوپ میں سرکو ڈھانپ کر رکھیں،پانی کا استعمال زیادہ سےزیادہ کریں۔
بارشوں کی پیشگوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور جنوبی اضلاع میں گرم رہےگا تاہم ژوب، موسیٰ خیل ،بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلات، میں تیزہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کاامکان ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں 8 سے 11 اپریل کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان ہے، 8 اپریل سے 11 اپریل کے دوران چترال، دیر، شانگلہ، سوات، مہمند میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین،گجرات،لاہور،شیخوپورہ میں بارش کا امکان ہے، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔