عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے لندن کے مشہور ویمبلے اووو ارینا میں اپنے ہی سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے تقریباً 12,000 شائقین کے سامنے پرفارم کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
یہ شو راحت کا دو سال کے وقفے کے بعد لندن میں پہلا لائیو کنسرٹ تھا، جس میں مداحوں نے ان کی سریلی آواز اور روحانی کلام پر جھوم جھوم کر ان کا استقبال کیا۔ “لیگیسی آف دی خانز 2025 ٹور” کے تحت راحت فتح علی خان نے برمنگھم، لندن اور مانچسٹر میں پرفارم کیا، تینوں شو مکمل طور پر فروخت ہو چکے تھے، تاہم لندن کا شو سب سے بڑا اور نمایاں رہا۔
مشہور آرٹس پروموٹر اور راک آن میوزک کے بانی وجے بھولا نے اس شاندار کامیاب ٹور کا سہرا راحت فتح علی خان اور ان کی ٹیم کو دیا۔ انہوں نے کہایہ راحت فتح علی خان جیسے عظیم فنکار کی محنت اور موسیقی کی طاقت ہے جو سامعین کو اپنی جانب کھینچتی ہے، پروموٹرز کا کردار اہم ضرور ہوتا ہے لیکن اصل کریڈٹ فنکار اور ان کے ساتھیوں کو ہی جانا چاہیے۔
اس ٹور کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ پہلی بار راحت کے صاحبزادے، شاہ زمان علی خان نے اس سطح پر پرفارم کیا۔ صرف 20 سالہ شاہ زمان نے تقریباً پانچ قوالیاں اکیلے پیش کیں جبکہ راحت نے ان کا ساتھ دیا۔ ان کے انداز گائیکی کو سن کر حاضرین نے انہیں عظیم استاد نصرت فتح علی خان سے مشابہت دی۔
راحت فتح علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہابرطانیہ کے تینوں شوز کا ردعمل زبردست رہا۔ میں ہمیشہ سے یو کے میں پرفارم کرنا پسند کرتا ہوں، یہ وہ جگہ ہے جہاں دنیا بھر کے لوگ آتے ہیں۔ شاہ زمان کو اتنا پسند کیا جانا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ وہ انشاءاللہ ہمارے بڑوں کی میراث کو آگے لے کر چلے گا۔
انہوں نے وجے بھولا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس دورے کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی۔راحت فتح علی خان نے جمعہ کو برمنگھم، ہفتہ کو لندن اور اتوار کو مانچسٹر میں شاندار پرفارمنس دی، جس کے بعد وہ اسپین روانہ ہو گئے جہاں ان کا اگلا کنسرٹ شیڈول ہے۔