سعودی حکومت نے رواں حج سیزن کے دوران پاکستان سمیت 14 ممالک کے شہریوں کیلئے عمرہ، کاروباری اور فیملی ویزوں پر پابندی عائد کردی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پابندی کا اطلاق بھارت، بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس، یمن اور پاکستان کے شہریوں پر ہوگا۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حج سیزن 2025ء کے دوران مذکورہ ممالک کو عمرہ، بزنس اور فیملی ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے، پابندی جون کے وسط تک برقرار رہے گی، تاہم سفارتی ویزے، اقامتی اجازت نامے اور حج سے متعلق مخصوص ویزوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
سعودی حکام کی جانب سے یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ پابندی کے شکار ان ممالک سے عمرہ ویزے پر آئے معتمرین اس ماہ کے آخر تک واپس اپنے ملک چلے جائیں، مذکورہ ممالک سے عمرہ ویزا پر آنے کی آخری تاریخ 13 اپریل ہے، جس کے بعد ان ممالک سے عمرہ سمیت مخصوص ویزوں پر کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیان میں نئے قواعد و ضوابط کی پابندی پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مہلت کے بعد اگر ان ممالک کے شہری عمرہ، بزنس یا فیملی ویزے پر سعودی عرب میں موجود پائے گئے تو ان پر 5 سال کی سفری پابندی عائد ہوسکتی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ یہ اقدام صرف ایک انتظامی فیصلہ ہے تاکہ حج کا عمل زیادہ محفوظ اور بہتر طریقے سے منظم کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ حج 2025ء کا سیزن 4 جون سے 9 جون تک مقرر کیا گیا ہے۔