پاکستان میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کے لئے ملک چھوڑنے کا آج آخری دن ہے، حکومتی احکامات کے پیشِ نظر طورخم اور چمن بارڈر سے روزانہ ہزاروں افغان باشندے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 30 اکتوبر کو 11 ہزار 553 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے جن میں 3 ہزار 153 مردخ 2 ہزار 823 خواتین اور 5 ہزار 577 بچے شامل ہیں۔
افغانستان روانگی کے لیے 512 گاڑیوں میں 487 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
اب تک کل ایک لاکھ 4 ہزار 481 افغان پناہ گزین اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔
تارکین وطن کی واپسی اور اظہار خیال
خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی افراد کی عارضی رہائش کا بہترین انتظام کیا گیا ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی افراد کے لئے کیمپس قائم کئے گئے ہیں ، غیر قانونی افراد کے لئے قائم کردہ کیمپس میں ضروریات زندگی کی تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔
اپنے وطن واپسی کے حوالے سے افغان باشندوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے غیر قانونی افراد کی وطن واپسی کے فیصلے سے ہم خوش ہیں، ہم نے عزت سے پاکستان میں روزگار کیا، پاک فوج کا رویہ بھی ہمارے ساتھ بہت اچھا ہے۔
افغان شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم بغیر کاغذات کے آئے تھے، اب انشاللہ قانونی طریقے سے آئیں گے، ہم حکومت پاکستان سے مطمئن ہیں، ہمیں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا، ہم نے پاکستان میں بہت اچھا وقت گزارا۔
افغان باشندے اپنے وطن واپسی پر خوش ہیں مگر پاکستان چھوڑنے پر اداس بھی ہیں۔