وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ تجارتی راہداری سے وسط ایشیا اور یورپ تک رسائی مل سکتی ہے، تجارتی راہداری سے وسط ایشیا اور یورپ تک رسائی آسان ہو گی۔
وزیراعظم پاکستان کے دورہ سے پہلے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی بیلاروس میں اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔ عبدالعلیم خان کے دورہ بیلاروس میں مواصلات، کامرس، انڈسٹری اور دفاعی پیداوار پر باہمی معاہدے ہونگے۔
عبدالعلیم خان نے میزبان وزیر ٹرانسپورٹ الیگزسی لیخنووچ سے ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر مواصلات نے کہا تجارتی اعتبار سے بیلاروس کو خطے میں اہم جغرافیائی حیثیت حاصل ہے، پاکستان اور بیلاروس کے زمینی رابطوں پر پہلے سے پیش رفت جاری ہے۔
وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ پاکستان میں موٹرویز کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری چاہتے ہیں، دونوں دوست ملک اپنی شاہراہوں کو منسلک کرکے نہ صرف باہمی تجارت بڑھا سکتے ہیں بلکہ تجارتی راہداری سے وسط ایشیا اور یورپ تک رسائی آسان ہوجائے گی۔
عبدالعلیم خان نے اپنا دورہ بیلاروس خوشگواراور دونوں ممالک کیلئے سود مند قرار دیا کہا وزیراعظم پاکستان بھی اسی ماہ بیلاروس کا اہم ترین دورہ کریں گے۔
پاکستان کے وزیر مواصلات کا خیرمقدم کرتے ہوئے بیلاروس کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ مواصلات کے شعبے سمیت پاکستان سے باہمی تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔