وزیراعظم کے اعلان کے بعد ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر آ گئی ہے، ملک بھر کے صارفین کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپیہ نوے پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی ، اطلاق کے الیکڑک سمیت تمام ڈسکوز پر ہوگا۔
دوسری طرف ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کیلئے بجلی تین روپے دو پیسے فی یونٹ سستی۔ جبکہ کراچی کے علاوہ باقی ملک کیلئے قیمت میں چھیالیس پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی اکتوبر سے دسمبر دوہزار چوبیس کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ اپریل سے جون دوہزار پچیس تک کے الیکٹرک اور تمام ڈسکوز کے صارفین مستفید ہوں گے۔ البتہ لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر اطلاق نہیں ہوگا۔
قیمتوں میں کمی سے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر چھپن ارب اڑتیس کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ دوسری طرف ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں بھی بجلی کی قیمت میں کمی کردی گئی۔ کراچی والوں کیلئے بجلی تین روپے دو پیسے جبکہ ملک کے باقی تمام شہروں کیلئے چھیالیس پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔ ریلیف اپریل کے بلوں میں ملے گا۔