وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست ہے فوری کینالز منصوبہ واپس لینے کا اعلان کریں۔
جمعرات کو نوڈیرو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چھوٹے واٹر کورسز کو کینال نہ سمجھیں ، کینال کوئی نہیں نکال رہا، پیسوں کے بغیر کینال کا کام کیسے ہوگیا ؟ کینالز پر کام نہیں ہو رہا، سندھ کے لوگوں کو گمراہ نہ کریں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق نے کینالز کی منظوری نہیں دی ، ہم کینالز نہیں بننے دیں گے، میرے لئے کینالز کا معاملہ اہم ہے، پیپلز پارٹی کینالز معاملے پر ہر چیز کی قربانی دے سکتی ہے، مسلم لیگ ن ہماری سپورٹ سے حکومت میں ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام سمجھیں ہم کینالز کیخلاف اے پی سی میں شریک ہوئے، لوگوں کو گمراہ کر کے پیپلز پارٹی کو ہدف نہ بنائیں، مشترکہ مفادات کونسل اجلاس بلانے پر جواب نہیں آیا، آئین میں ہے ہر 3 ماہ میں سی سی آئی اجلاس ہو، ہم نے سی سی آئی میں ارسا کی منظوری کو چیلنج کیا جبکہ صدر مملکت نے دنیا کے سامنے کہا کینالز کوسپورٹ نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کینالز کیخلاف ہمارا کیس مضبوط ہے ، وہ کبھی کینالز نہیں بنا سکتے، وزیراعظم سے درخواست ہے فوری کینالز منصوبہ واپس لینے کا اعلان کریں، پنجاب حکومت کینالز کا کیس لائی ، وفاقی وزارت منصوبہ بندی نے اعتراض کیا تھا، سب جانتے ہیں صوبوں کی ہم آہنگی کتنی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سازشوں کو ناکام کریں گے۔