عید تعطیلات کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں پہلے کاروباری دن پر اسٹاک مارکیٹ اتارچڑھاؤ کے بعد سنبھل گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں ایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔ ہنڈریڈ انڈیکس 226 پوائنٹس بڑھکرایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس کی سطح پرٹریڈ کررہاہے۔
قبل ازیں کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں عید الفطر کی تعطیلات کے بعد منفی رجحان دیکھا گیا، جس کی بنیادی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان سمیت 180 سے زائد ممالک پر جوابی ٹیرف کا نفاذ ہے۔
تیل و گیس مارکیٹنگ کمپنیوں، او ایم سیز، پاور جنریشن، ریفائنری، سیمنٹ اور بینکنگ سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔ بڑی کمپنیوں کے اسٹاک جیسے ایم ای بی ایل، او جی ڈی سی، پی پی ایل، حبکو، پی ایس او اور ایس این جی پی ایل میں مندی کا رجحان رہا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو دنیا بھر سے درآمدات پر 10 فیصد محصولات اور اہم تجارتی شراکت داروں پر سخت اضافی محصولات عائد کرکے ممکنہ طور پر تباہ کن تجارتی جنگ کو ہوا دی ہے۔