بھارتی فضائیہ کا ایک اور لڑاکا طیارہ جیگوار گجرات کے ضلع جام نگر میں گر کر تباہ ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے پتا چلتا ہے کہ یہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا جبکہ بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے کے ایک پائلٹ کو بحفاظت نکال لیا گیا اور اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا اور دوسرے پائلٹ کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے گرنے کے واقعات اب روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ مارچ 2025 میں ایک ہی دن میں بھارتی فضائیہ کے دو طیارے گر کر تباہ ہوئے جن میں ایک جیگوار لڑاکا طیارہ بھی شامل تھا۔
نومبر 2024 میں بھی اتر پردیش کے شہر آگرہ کے قریب ایک MiG-29 لڑاکا طیارہ زمین بوس ہوا تھا۔
دفاعی ماہرین نے ان مسلسل حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات بھارتی فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی معیارات پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بدعنوانی نے بھارت کے دفاعی نظام کو کھوکھلا کردیا ہے، جس کی وجہ سے فضائیہ ہر گزرتے دن کے ساتھ زوال کا شکار ہو رہی ہے۔
ماہرین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کے دفاع میں بہتری کے بلند و بانگ دعوے صرف زبانی جمع خرچ ثابت ہوئے ہیں جبکہ عملی طور پر کوئی بہتری نظر نہیں آتی۔
ان حادثات نے بھارتی فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں اور اس کے ساز و سامان کی حالت پر بھی سوالات کھڑے کردیے ہیں، دفاعی ماہرین کے مطابق اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو بھارت کی فضائی طاقت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے جو خطے میں اس کی سٹریٹجک پوزیشن کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔