آل کراچی تاجر اتحاد کا کہنا ہے کہ مسلسل تیسرے سال عید سیل سیزن مایوس کن رہا۔
صدرآل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا ہے کہ مایوس کن سیزن کے باعث رواں سال بھی تاجروں کا عید پر60 فیصد سامان فروخت ہونے سے رہ گیا۔
عتیق میر نے کہا کہ کراچی میں 200 مارکیٹوں کے40 ہزار دکانداروں نے40 ارب کی انویسٹمنٹ کی، عیدالفطر پر دکاندار صرف 15 ارب کا سامان فروخت کرسکے۔
صدرآل کراچی تاجر اتحاد کا کہنا ہے کہ عید سیزن کیلئے منگوایا گیا 25 ارب کا سامان گوداموں میں رکھا رہ گیا، گزشتہ سال کے مقابلے میں فروخت 25 فیصد کم رہی۔ تاجروں کو عید سیزن پر لئے گئے ادھار مال کی ادائیگی کے لالے پڑ گئے۔
عتیق میر نے کہا کہ مہنگائی، قوت خرید میں کمی اور امن و امان کی صورتحال عید سیزن پراثر انداز ہوئی، محدود آمدنی اور ہوشربا مہنگائی غریب طبقے کی عید کی خوشیاں نگل گئی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کل ملک کے بڑے تاجروں سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں کابینہ کے ارکان اور دیگر کاروباری شخصیات موجود ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق تاجروں کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم شہباز شریف پاور سیکٹر ریفارمز پر اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہے کہ بجلی ٹیرف میں بڑی کمی کیلئے آئی ایم ایف سے مشاورت جاری ہے، حکومت نے بجلی سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی جبکہ آئی ایم ایف بجلی ٹیرف میں ایک روپے کمی کی منظوری دے چکا ہے۔