اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے چین کی ٹیلی کام کمپنی ”ہواوے“ نے 3 لاکھ پاکستانیوں کو آئی ٹی تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہواوے کے تربیتی پروگرام کے تحت 60 ہزار پاکستانیوں کو جدید آئی ٹی مہارتیں سکھائی جائیں گی جبکہ 2 لاکھ 40 ہزار شرکا کو بنیادی آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی۔
اس اقدام سے پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید تقویت ملے گی، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
حکومت کی اولین ترجیح نوجوانوں کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے، جس کے تحت ہواوے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اشتراک سے ملک کی 15 جامعات میں جدید آئی ٹی کورسز متعارف کرائے جائیں گے۔
ایس آئی ایف سی ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ پاکستانی معیشت کو ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔