پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس نے عید کے پرمسرت موقع پر نہ صرف مداحوں کو عید کی مبارک باد دی بلکہ ایک اہم پیغام بھی شیئر کیا۔
اداکار عمران عباس نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عید کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے فضول خرچی سے گریز اور پرانے کپڑوں کو دوبارہ استعمال کرنے کی ترغیب دی۔
ویڈیو میں عمران عباس نے بتایا کہ انہوں نے عید کے لیے جو کرتا پہنا وہ 14 سال پرانا ہے اور اسے انہوں نے نجی ٹی وی کے ڈرامے میں استعمال کیا تھا اور یہ کرتا ان کے دوست نے ڈیزائن کیا تھا۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ عید پر نئے کپڑوں کی خریداری ہر ایک کے بس میں نہیں ہوتی۔
انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ دل چھوٹا نہ کریں اور پرانے کپڑوں کو دوبارہ پہننے میں کوئی عار نہ سمجھیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ ہم ہر تقریب اور تہوار کے لیے نئے کپڑے بناتے ہیں لیکن بہت سے لوگ ایسے ہیں جو نئے کپڑوں کی استطاعت نہیں رکھتے۔
انہوں نے تجویز دی کہ پرانے کپڑوں کو دوبارہ پہننے کا ٹرینڈ شروع کیا جائے تاکہ معاشرے کے کم وسائل افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا جا سکے۔
عمران عباس نے اپنے پیغام کے آخر میں مداحوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا، عید منائیے اپنوں کے ساتھ، جہاں بھی ہیں، آپ کو میری طرف سے بہت بہت عید مبارک۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس سادہ مگر معنی خیز اقدام کی خوب پذیرائی کی اور ان کی سوچ کو سراہا۔